انگین آلتان نے کاشف ضمیر کے ساتھ ہونے والا معاہدہ ختم کردیا،ترک اداکارنے معاہدہ منسوخی کی وجہ بھی بتادی

معروف ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں مرکزی کردارادا کرنے والے اداکار انگین آلتان نے دھوکہ دہی کے باعث پاکستانی میزبان کاشف ضمیر سے معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق دونوں کے درمیان معاہدہ گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں طے پایا تھا۔میاں کاشف ضمیر نے 10 لاکھ ڈالر میں انگین آلتان سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ کیا تھا۔معاہدے کے مطابق کاشف ضمیر نے انہیں آدھی رقم کے طور پر چیک دیا اور آدھی رقم اشتہارات کی شوٹنگ کے بعد دی جانی تھی، لیکن انگین آلتان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق انہیں ایک بھی روپیہ وصول نہیں ہوا۔

ترک اداکار انگین آلتان کے مطابق اس تمام صورتحال کے باوجود انہوں نے خاموشی اختیار کی اور کاشف ضمیر کو اپنی پوزیشن، اپنے نام اور عزت کی پاسداری کرنے کے لیے مسلسل تنبیہ کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ لیکن اب وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کاشف ضمیر اپنی ان حرکتوں سے باز آنے والا نہیں کیونکہ بار بار مہلت ملنے کے باوجود رقم کی ادائیگی کے بجائے ان کے ساتھ اور سوشل میڈیا پر مسلسل جھوٹ بول رہا ہے۔

ترک اداکار انگین آلتان نے معاہدہ ختم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کے متعلقہ حکام کو اس معاملے کی تفصیلی معلومات فراہم کریں گے کیونکہ وہ انصاف کے تقاضے پورا کرنے کے بارے میں پختہ یقین رکھتے ہیں۔